'کورونا میں مبتلا مریضوں کی دوسرے صحتمند افراد کیساتھ میل ملاقات حرام'

'کورونا میں مبتلا مریضوں کا دوسرے افراد کیساتھ میل ملاقات حرام'

سعودی عرب کی علما کونسل کے چیئرمین اور مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے کورونا میں مبتلا مریضوں کا دوسرے افراد کیساتھ میل ملاقات حرام قرار دیدیا ہے۔

مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جو عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہیں انھیں چاہیے کہ وہ صحت مند افراد کیساتھ ملاقات کرنے سے اجتناب کریں کیونکہ ایسا کرنا حرام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں انسانی جانوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ دوسروں افراد کی صحت کا خیال رکھنے کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوا جائے۔

مفتی اعظم کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں کے شہری اور غیر ملکیوں پر لازم ہے کہ وہ ناصرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت اور کورونا وائرس سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل کریں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 14 کروڑ، 52 لاکھ، 20 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ اموات 30 لاکھ 82 ہزار 296 ہو گئی ہیں۔

بھارت میں دنیا میں اب تک کے سب سے زیادہ یومیہ کورونا کیسز کا ریکارڈ بن گیا ہے۔ 24 گھنٹے کے دوران 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد کورونا کیس رپورٹ ہوئے۔

برازیل میں کورونا وائرس سے 3 لاکھ 81 ہزار 687 افراد ہلاک ہو چکے جبکہ امریکا میں کورونا سے 24 گھنٹے میں 674 اموات جبکہ 51 ہزار 737 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔