Get Alerts

معروف یوٹیوبر سعد الرحمان کو کیس میں بڑا قانونی ریلیف

معروف یوٹیوبر سعد الرحمان کو کیس میں بڑا قانونی ریلیف

لاہور: معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PNIL) سے نکال دیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت لاہور کی مقامی عدالت میں زیر سماعت کیس کے دوران سامنے آئی، جہاں عدالت نے ان کے نام کے اخراج سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر سعد الرحمان سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ ان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے مبینہ طور پر آن لائن جوا ایپس کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران این سی سی آئی اے نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، جس میں بتایا گیا کہ ڈکی بھائی کا نام پی این آئی ایل لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر تفتیش میں عدم تعاون کے باعث ان کا نام اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ضمانت کے بعد وہ باقاعدہ تفتیش میں شامل ہو گئے۔

تفتیشی حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سعد الرحمان کے نام کے اخراج پر اب کوئی اعتراض نہیں، اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈکی بھائی کے خلاف آن لائن جوا ایپ کی مبینہ تشہیر کے الزام میں مقدمہ زیر سماعت ہے، تاہم حالیہ پیش رفت میں انہیں انتظامی سطح پر ریلیف مل گیا ہے۔
 
 
 

ٹیگز: