کنگسٹن: جمیکا ٹیسٹ میں شاندار سنچری سکور کر کے پاکستان کرکٹ ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنانے والے فواد عالم نے کہا ہے کہ والدہ نے میچ سے پہلے کہا تھا کہ آج تم سنچری بناؤ گے، ماں کی دعا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہو جاتی ہے، آج کی سنچری اپنے والدین کے نام کرتا ہوں۔
فواد عالم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میچ سے پہلے والدہ سے فون پر بات ہوئی تھی جنہوں نے سنچری کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج تم سنچری بناؤ گے، ماں کی دعا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے، آج کی سنچری اپنے والدین کے نام کرتا ہوں، میں اپنے والد سے بھی بہت متاثر ہوتا ہوں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں مجھے حوصلہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں اونچ نیچ چلتی رہتی ہے اور اچھے کیساتھ برا وقت بھی آتا ہے مگر میرے والد نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی، وہ کہتے تھے کہ لگے رہو تمہارا وقت ضرور آئے گا، میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مشکل وقت میں میرے اہل خانہ بھی ہمیشہ مجھے حوصلہ دیتے رہے۔
ویسٹ انڈیز کیخلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں سنچری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ جمیکا کی وکٹ آسان تھی نہ موسم، میچ کے پہلے روز گرمی اور حبس بہت زیادہ تھا، میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز کو کم سے کم سکور پر آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو گئے تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
فواد عالم نے پانچ مختلف ممالک میں سنچریاں بنانے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ جب دیتا ہے تو چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے جبکہ انہوں نے منفرد انداز میں جشن منانے سے متعلق انکشاف کیا کہ یہ سٹائل ترکش ڈرامہ ارطغرل غازی سے متاثر ہوکر اپنایا ہے اور اس سٹائل کو اظہر علی کے ساتھ مل کر طے کیا تھا۔