ہیڈنگلے : انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کی روایتی کریم رنگ کی ٹیسٹ کٹ اور سویٹرز سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کے پہنے ہوئے سویٹرز کا سائز معمول سے خاصا بڑا اور ڈھیلا دکھائی دیا، جبکہ لمبی آستینوں اور ڈھیلی فٹنگ نے شائقین کو کٹ کے انتخاب پر سوال اٹھانے کا موقع فراہم کیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے بڑے سائز کے سویٹرز پر مختلف دلچسپ اور طنزیہ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے کہا کہ شاید صرف XXL اور XXXL سائز ہی دستیاب تھے اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کلیئرنس سیل سے خریداری کی گئی ہو۔ ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ لگتا ہے سویٹر امی نے خریدے ہیں، اس لیے ایک دو سال مزید چل جائیں گے۔
کچھ صارفین نے ٹیم کے کٹ سپلائر اور مینجمنٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سویٹرز کی فٹنگ اور ڈیزائن پر سوالات اٹھائے، جبکہ بعض نے اسے قومی ٹیم کے لیے ناموزوں انتخاب قرار دیا۔
پاکستانی ٹیم کی کٹ پر یہ بحث ایسے وقت میں سامنے آئی جب میدان میں بھی قومی ٹیم کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست دی۔ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 171 جبکہ دوسری اننگز میں 135 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں آٹھ، آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ لارڈز میں جمعرات سے شروع ہوگا، جہاں پاکستانی ٹیم کی توجہ سوشل میڈیا کی تنقید کے بجائے میدان میں بہتر کارکردگی دکھا کر سیریز میں واپسی پر ہوگی۔