Get Alerts

پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز 3 اپریل سے منعقد ہوں گے

پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز 3 اپریل سے منعقد ہوں گے

اسلام آباد: ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے پاکستان میں آئندہ ساؤتھ ایشین گیمز کے انعقاد کی تاریخوں کی منظوری دے دی ہے۔ فیصلہ کے مطابق میگا ایونٹ اگلے سال 3 سے 11 اپریل تک پاکستان میں ہوگا۔

ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں گیمز کی میزبانی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور بالآخر ایونٹ کے شیڈول کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔

ساؤتھ ایشین گیمز میں مردوں کے 28 جبکہ خواتین کے 25 کھیلوں کے مقابلے شامل ہوں گے۔ ایونٹ میں رکن ممالک سے 4 ہزار 200 سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔

میگا ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 346 گولڈ میڈلز کے لیے مختلف کھیلوں میں مقابلے ہوں گے۔ گیمز کے مقابلے ملک کے تین بڑے شہروں اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں منعقد کیے جانے کا منصوبہ ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کہا ہے کہ ملک ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور تعاون اور ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

عارف سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز کو شاندار اور یادگار بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ایونٹ کے انتظامات کو بہترین انداز میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ٹیگز: