رحمان بابا ایکسپریس کا افتتاح،عوام نے عمران خان کا ساتھ ملک میں انقلاب اور تبدیلی کیلئے دیا :شیخ رشید

رحمان بابا ایکسپریس کا افتتاح،عوام نے عمران خان کا ساتھ ملک میں انقلاب اور تبدیلی کیلئے دیا :شیخ رشید
کیپشن: سکرین شاٹ

پشاور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے رحمان بابا ایکسپریس کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں اور لٹیروں کو سزائیں نہ ملیں تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی، عوام نے عمران خان کا ساتھ ملک میں انقلاب اور تبدیلی کیلئے دیا ،اس لیے ووٹ دیے کہ کرپٹ لوگ جیلوں میں ہوں، کرپشن کا ایسا خاتمہ کریں گے کہ لوگ یاد رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں رحمان بابا ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ سو دنوں میں 20 ٹرینیں چلائیں،آنے والے دنوں میں دو نان سٹاپ ٹرینیں چلائیں گے،ہمارے پاس 15 تاریخ تک کراچی کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ پی اے سی کا چیئرمین جھنڈا لگی گاڑ ی میں گھومے گا،پی اے سی چیئرمین کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوتا ہے۔


وفاقی وزیر ریلوے نے یکم جنوری سے ایک ماہ کے لیے ونٹر ٹرین چلانے کابھی اعلان کردیا۔ ریلوے کی زمینوں سے قبضہ ختم کرایا جائے گا، ریلوے نے کمیشن دے دے کر بہت خسارہ بھگت لیا، ٹرین چلے گی تو پاکستان کی معیشت کا پہیہ بھی گھومے گا۔ٹریک کی تبدیلی کے بعدپشاور تا کراچی ٹرین کی کم سے کم رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹاہوگی، ایم ایل ون کے تحت پشاور سے کراچی تمام ریلوے ٹریک تبدیل کیاجائےگا۔


شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ایم ایل ون کا فیصلہ چند ہفتوں میں ہوجائےگا،اس سال بیس ٹرینیں اور چلائیں گے،رحمان بابا ایکسپریس34کے بجائے چوبیس گھنٹوں میں پشاور سے کراچی پہنچے گی،رحمان باباایکسپریس کا کرایہ راولپنڈی لاہورموٹر وے جتنا 1350روپے رکھا گیاہے،ہمارا اصل ٹارگٹ فریٹ ٹرین ہے،پنڈی تا کراچی اور لاہور تا کراچی نان سٹاپ وی وی آئی پی ٹرینیں چلائیں گے۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے پر 25ارب روپے قرض ہے،ایسے عالم میں ٹرین چلانا مذاق نہیں ،ریلوے میں تنخواہوں کا بجٹ 30ارب روپے ہے،پنشن کا بجٹ 35ارب روپے ہے،چاہتاہوں پسنجر ٹرین بغیر منافع اور نقصان کے چلے،آمدن فریٹ ٹرین سے ملے۔


شیخ رشید نے کہا کہ25جنوری کو دوسری کنٹینر ٹرین چلے گی،دو دن بعد کراچی سے کنٹینر ٹرین چلائی جائے گی،ہمارے پاس 4سٹیم انجن موجود ہیں جن کی تزئین نو کر رہے ہیں ،سفاری ٹورازم کیلئے تین ٹرینیں چلائیں گے،ہم نے سو دنوں میں بیس ٹرینیں چلائی ہیں جو دنیا کی تاریخ میں ریکارڈ ہے جبکہ فیصل آباد کے تاجروں کی خواہش تھی کہ انہیں تجارت کیلئے پشاور جانے کی سہولت ملے۔