ممبئی : ہالی ووڈ کی مقبول جوڑی نک جوناس اور پرینکا چوپڑا نے پاکستان کی لیجنڈ پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کو ایک دل چھو لینے والی ویڈیو کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر پاکستانی موسیقی کے حوالے سے نئی گفتگو کا آغاز کر دیا اور نازیہ حسن کے گانے "آپ جیسا کوئی" کو دوبارہ یاد دلا دیا۔
نک جوناس نے 22 دسمبر کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اپنے بھائی جو جوناس اور اہلیہ پرینکا چوپڑا کے ساتھ نازیہ حسن کے مشہور گانے "آپ جیسا کوئی" پر خوشگوار انداز میں جھومتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہ گانا 1979 کی بھارتی فلم قربانی میں شامل تھا اور نازیہ حسن کے کیریئر کا سنگ میل ثابت ہوا۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے بھرپور ردِ عمل سامنے آیا۔ ایک صارف نے لکھا، "یہ وہ گانا ہے جس نے برصغیر میں پوپ میوزک کا آغاز کیا،" جبکہ دوسرے صارف نے نازیہ حسن کو ایک "حقیقی آئیکون" قرار دیا۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا، "پاکستانی موسیقی کبھی مایوس نہیں کرتی۔"
یاد رہے کہ نازیہ حسن کو ایشیائی پاپ میوزک کی بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ 13 اگست 2000 کو لندن میں پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، مگر ان کی موسیقی آج بھی دنیا بھر میں سنی اور پسند کی جاتی ہے۔