نیویارک : امریکی خلائی ادارے ناسا کے سائنسدانوں نے حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ زمین پر بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور سورج کی شدت میں اضافے کے باعث مستقبل میں فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مالیکیولز بتدریج ختم ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، یہ عمل زمین پر زندگی کے خاتمے کے مترادف ہو گا کیونکہ درخت اور پودے کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مدد سے آکسیجن پیدا کرتے ہیں۔ اگر فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور آکسیجن کی مقدار خطرناک حد تک کم ہو گئی تو زمین پر موجود تمام جانداروں کی بقا ممکن نہیں رہے گی، اور انسان بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکے گا۔
سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری رہا تو آنے والے چند ہزار سال میں زمین پر سانس لینا بھی مشکل ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے عالمی سطح پر ایک انتباہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ قدرتی نظام کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بند کرنی چاہیے اور ماحول کو بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، ورنہ کرۂ ارض پر زندگی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔