Get Alerts

پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ ایکٹ 2025 کی معطلی پر مریم نواز کا ردِعمل

 پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ ایکٹ 2025 کی معطلی پر مریم نواز کا ردِعمل

لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب، مریم نواز نے پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اِمووبل پراپرٹی بل 2025ء کی معطلی پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قانون لاکھوں پنجاب کے شہریوں کے لیے ایک اہم قانون تھا، جس کا مقصد طاقتور لینڈ مافیا کے چنگل سے عوام کو نجات دلانا تھا۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہم نے برسوں سے ستائے ہوئے عوام کے لیے یہ قانون بنایا تھا تاکہ انہیں اپنے حقوق کی حفاظت مل سکے، لیکن عدالت کا فیصلہ اعلیٰ عدلیہ کے طے کردہ مسلمہ اصولوں کے مطابق نہیں ہے۔"

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ یہ قانون عوام کو قانونی طور پر اپنی زمین اور جائیداد کا تحفظ دینے کا ایک ذریعہ تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس قانون کی معطلی سے قبضہ مافیا کو فائدہ پہنچے گا اور عوام کے درمیان یہ تاثر پھیلے گا کہ یہ معطلی قبضہ مافیا کی حمایت میں کی گئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ "یہ قانون مظلوم عوام کو تحفظ فراہم کرتا تھا اور اس میں انتظامی و قانونی پہلوؤں کا جامع احاطہ کیا گیا تھا۔ اس قانون کی معطلی سے وہ عوام متاثر ہوں گے جو قبضہ اور لینڈ مافیا کے ہاتھوں ستائے گئے تھے، اور اس کا نقصان میری ذات کو نہیں بلکہ عوام کو ہو گا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "زمینوں کے مقدمات میں دہائیوں تک اسٹے آرڈرز چلتے ہیں، اس قانون کا مقصد مریم نواز کے فائدے کے لیے نہیں تھا، بلکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے تھا۔"

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے قانون سازی کو صوبائی اسمبلی کا آئینی حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون کی معطلی سے غریب، مسکین، بےکس، اور مظلوم عوام کا بڑا نقصان ہو گا، جن کی داد رسی کی جا رہی تھی۔

ٹیگز: