Get Alerts

پارلیمنٹ نے ڈومیسٹک وائلنس پریوینشن اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2025 منظور کر لیا

پارلیمنٹ نے ڈومیسٹک وائلنس پریوینشن اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2025 منظور کر لیا

اسلام آباد: پارلیمنٹ نے ڈومیسٹک وائلنس پریوینشن اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2025 منظور کر لیا ہے، جس کا مقصد خواتین، مرد، خواجہ سرا، بچوں اور دیگر کمزور افراد کو گھریلو تشدد سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ ایکٹ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری تک نافذ ہوگا اور فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

بل میں گھریلو تشدد کی جامع تعریف دی گئی ہے، جس میں جسمانی، جذباتی، نفسیاتی، زبانی، جنسی اور معاشی تشدد شامل ہیں۔ جسمانی تشدد میں مارپیٹ اور پینل کوڈ کے تحت جرائم جبکہ نفسیاتی تشدد میں تذلیل، دھمکیاں، خوف میں مبتلا کرنا، بلاجواز طلاق یا دوسری شادی کی دھمکی، جھوٹے الزامات اور متاثرہ فرد کو نظرانداز کرنا شامل ہیں۔

جنسی تشدد میں عزتِ نفس کو مجروح کرنے والے عمل اور کسی پر زبردستی رہنے پر مجبور کرنا جرم قرار دیا گیا ہے۔ معاشی تشدد میں مالی وسائل کو روکنا یا کنٹرول کرنا بھی شامل ہے۔ تشدد میں معاونت کرنے والے کو بھی شریک جرم تصور کیا جائے گا۔

گھریلو تشدد ثابت ہونے پر 6 ماہ سے 3 سال تک قید ہو سکتی ہے۔عدالت متاثرہ فرد کو کم از کم 20 ہزار روپے ہرجانہ دلانے کی مجاز ہوگی، اور عدم ادائیگی پر 3 ماہ اضافی قید ہو سکتی ہے۔عدالت ملزم کو متاثرہ فرد سے ہر قسم کے رابطے سے روک سکے گی اور سنگین صورت میں اسے گھر خالی کرنے کا حکم دے سکتی ہے۔
متاثرہ فرد کو شیلٹر ہوم میں رہائش، مالی امداد اور نان نفقہ حاصل کرنے کا حق ہوگا۔عدالت بچوں اور بالغ متاثرہ افراد کی عارضی تحویل بھی دے سکتی ہے۔خلاف ورزی کی صورت میں حفاظتی احکامات کی خلاف ورزی پر ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، جو متاثرہ فرد کو دیا جائے گا۔
اپیل کا حق بھی دیا گیا ہے، جسے 30 دن میں سیشن کورٹ میں دائر کیا جا سکتا ہے، اور سیشن کورٹ 60 دن میں فیصلہ کرے گی۔

ٹیگز: