رواں سال گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ ہو گی یا نہیں ؟ وزیر توانائی بھی لاعلم

رواں سال گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ ہو گی یا نہیں ؟ وزیر توانائی بھی لاعلم

اسلام آباد:گرمیوں میں پاکستانی عوام پر لوڈ شیڈنگ کا ؑزاب نازل ہو گا یا نہیں اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے توانائی بھی متضاد بیان دے رہے ہیں ۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ عوام گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کیلئے تیار ہو جائیں لیکن آج پریس ریلیز میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ توانائی کی جانب سے آج جاری پریس ریلیز کے مطابق سسٹم میں وافر مقدار میں بجلی موجود ہے۔ مارچ میں بجلی کی طلب 15800میگاواٹ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہمارے پاس 16000 میگا واٹ بجلی موجود ہو گی۔

وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق اپریل کے مہینے میں بجلی کی طلب 18000میگا واٹ جبکہ پیداوار 18800 میگا واٹ ہو گی۔ مئی میں بجلی کی طلب 20888 جبکہ پیداوار 20900 میگا واٹ رہے گی۔جون میں بجلی کی طلب 23966 جبکہ پیداوار 24310 میگا واٹ ہو گی اورجولائی میں بجلی کی طلب 24029 جبکہ پیداوار 24800 میگا واٹ رہے گی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان اعدادوشمار سے ظاہر ہے کہ ہمارے پاس پورے ملک کی بجلی کی طلب کے مطابق پیداوار موجود ہو گی تاہم کسی پلانٹ کی تکنیکی خرابی کو خارج ازمکان قرار نہیں دیا جا سکتا جس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں عارضی طور پر لوڈشیڈنگ ہو سکتی ہے۔

لیکن دوسری جانب گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں اویس لغاری نے کہا تھا کہ عوام آئندہ گرمیوں میں مزید لوڈشیڈنگ کیلئے تیار ہو جائیں، وفاقی حکومت ملک بھر سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے فیصلہ پر نظر ثانی کر رہی ہے کیونکہ لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں بجلی چوری سے نقصانات اربوں روپے تک پہنچ گئے ہیں اور وفاقی حکومت اربوں روپے سبسڈی کی مد میں برداشت نہیں کر سکتی۔ حکومت پاور ڈویژن لوڈ مینجمنٹ میں مزید اضافہ کرے گی جس کی وجہ سے اپریل سے بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ جائے گا۔