لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں شامل نئی فرنچائز راولپنڈی نے اپنے ٹیم کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ملتان سلطانز کی نیلامی میں ولی ٹیک نے 2 ارب 45 کروڑ روپے میں فرنچائز خریدی تھی، مگر مالکان نے ٹیم کا شہر کا نام ملتان سے بدل کر راولپنڈی رکھا، اور راولپنڈی فرنچائز کا نام ’’پنڈیز‘‘ رکھا گیا ہے۔
ٹیم کا نام سوشل میڈیا پر ایک 25 سیکنڈ کی ویڈیو کے ذریعے اعلان کیا گیا، جس میں راولپنڈی شہر کے مشہور مقامات دکھائے گئے تھے اور پس منظر میں جوشیلی موسیقی شامل تھی۔ ویڈیو کے کیپشن میں فرنچائز نے کہا، ’’راولپنڈی ٹیم کا باضابطہ نام ’’پنڈیز‘‘ سامنے آ گیا ہے، ہم نڈر ہیں، ہم چیلنج دینے آئے ہیں، ہم نیا جوش لے کر آ رہے ہیں اور ہم کھیل کو بدلنے آ رہے ہیں۔‘‘ فرنچائز نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد ہی ٹیم کا لوگو بھی متعارف کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے 10 سالہ ملکیت کے معاہدے کی تجدید سے انکار کیا تھا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فرنچائز کی نیلامی کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ کا 11 واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔