ریاض : آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) نے امریکی سفیر کے اسرائیل کی حمایت میں دیے گئے اشتعال انگیز بیان پر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ او آئی سی کا اجلاس 26 فروری کو طلب کیا گیا ہے، جس میں اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک کا مشترکہ مؤقف پیش کرنا اور اسرائیلی اقدامات کے خلاف حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ او آئی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل فلسطین کے 2 ریاستی حل کی کوششوں کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ او آئی سی نے اس سے پہلے بھی امریکی سفیر مائیک ہکابی کے اسرائیل کی حمایت میں دیے گئے بیان کی مذمت کی تھی۔ او آئی سی کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات اسرائیل کو خطے میں مزید قبضہ کرنے کی حوصلہ افزائی فراہم کریں گے، اور اسرائیلی اقدامات فلسطینیوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہیں۔
مائیک ہکابی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر اسرائیل مشرق وسطیٰ کے وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے، تو امریکا کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔