پشین : سکیورٹی فورسز نے ضلع پشین میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، اس آپریشن میں سکیورٹی دستوں نے دہشت گردوں کے گروہ کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ مزید چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رکھی جائے گی تاکہ ملک میں بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔