اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹ اجلاس کے دوران سندھ کی تقسیم کی بازگشت پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کی جغرافیائی حدود میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لیے دو تہائی اکثریت کا ہونا لازمی آئینی تقاضا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ صوبے کی حدوں میں تبدیلی میڈیا ٹرینڈز یا بیک ڈور سیاست سے ممکن نہیں، اس کے لیے پارلیمان کی دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سندھ نے قیامِ پاکستان میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور یہ ایک انکلوسیو (Inclusive) اور جمہوری اسپیس ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے خبردار کیا کہ سندھ کی تقسیم کی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی، نسل، زبان اور مذہب کی بنیاد پر سیاست ہمیں قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ تبدیلی کے خواہشمند ہیں وہ بیک ڈور سیاست کے بجائے جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کریں۔