اسلام آباد : سینیٹ اجلاس میں پارلیمانی لیڈر رانا ثناء اللہ نے اپوزیشن پر زور دیا ہے کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر سیاسی عمل کا حصہ بنے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سزائیں عدالتوں نے دی ہیں اور ریلیف بھی عدالتوں سے ہی ملے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر 5 ڈاکٹروں کے پینل نے بانی چیئرمین کا معائنہ کیا اور جاری علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بیرسٹر گوہر کو بلایا گیا لیکن وہ نہیں آئے، اس کے باوجود علاج پر سیاست کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی چاہتے ہیں کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں اپنا بھرپور حصہ ڈالے اور 'چارٹر آف ڈیموکریسی' پر مل کر کام کرے۔
رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا کہ اپوزیشن نے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کی درخواستیں کیں لیکن وہاں سے جواب ملا کہ سیاستدانوں سے بات کریں۔پارلیمنٹ کو تالے لگانے کے گلے پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب دھرنے کے دوران سب کو پارلیمنٹ پہنچنے کی پکار لگائی جا رہی تھی، تب حالات مختلف تھے۔