ممبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے کرکٹ کی دنیا کو حیران کر دیا، جہاں کالی آندھی نے زمبابوے کے خلاف رنز کا ہمالیہ کھڑا کرنے کے بعد میچ 107 رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں زمبابوے کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ اسے سخت مہنگا پڑا۔ ویسٹ انڈین بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنا ڈالے۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں مجموعی طور پر 19 چھکے اور 16 چوکے لگائے گئے۔
میچ کے ہیرو شیمرون ہیٹ مائر رہے جنہوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف سٹروکس کی برسات کی۔ ہیٹ مائر نے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر کرس گیل کا 23 گیندوں کا ریکارڈ توڑ دیا اور ویسٹ انڈیز کے تیز ترین ففٹی میکر بن گئے۔ انہوں نے 34 گیندوں پر 85 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ کپتان رومن پاول نے 59 اور شیرفین ردرفورڈ نے 31 رنز بنا کر مجموعے کو 254 تک پہنچایا۔
255 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم مقررہ ہدف سے 107 رنز دور رہ گئی۔ زمبابوے کی جانب سے موزاربانی اور ناگا وارا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔