انڈر 19 ورلڈ کپ، پاکستان نے زمبابوے کو  ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی

 انڈر 19 ورلڈ کپ، پاکستان نے زمبابوے کو  ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی

پو چیفسٹروم : آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے زمبابوے کو 38 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، زمبابوین ٹیم 294 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47ویں اوور میں 256 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، پاکستان کی طرف سے محمد حارث 81 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انہیں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔  پو چیفسٹروم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 14ویں میچ میں پاکستانی انڈر 19 ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے، حارث نے 81 رنز کی اننگز کھیلی، قاسم اکرم 54 اور فہد منیر 53 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

حیدر علی 19، محمد شہزاد 27، عرفان خان 15، عباس آفریدی 10، محمد وسیم 5 اور کپتان روحیل نذیر بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، عامر علی 10 اور طاہر حسین 2 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، ڈیلن گرانٹ نے 3 وکٹیں لیں۔

جواب میں زمبابوین انڈر 19 ٹیم ہدف کے تعاقب میں 46.3 اوورز میں 256 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، ملٹن شمبا کی 58 اور ویسلے کی 53 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، طاہر حسین اور عباس آفریدی نے 3، 3 عامر علی اور قاسم اکرم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔