مانسہرہ :مانسہرہ کی وادی چھترپلین میں شدید برفباری کے باعث کئی سڑکیں مکمل طور پر بند ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں وادی کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ شہری علاقوں میں دو فٹ جبکہ پہاڑی علاقوں میں تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
سڑکوں کی بندش کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم انتظامیہ ہیوی مشینری کی مدد سے سڑکیں کھولنے میں مصروف ہے۔ دوسری جانب وادی تیراہ میں بھی برفباری اور شدید پھسلن کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، جس سے آمدورفت متاثر ہوئی ہے، جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ادھر زیارت میں پھنسے سیاحوں کا انخلا مکمل کر لیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 50 سے زائد سیاحتی گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔