Get Alerts

ملک بھر میں شدید برفباری، کئی علاقوں میں دہائیوں پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے

ملک بھر میں شدید برفباری، کئی علاقوں میں دہائیوں پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے

کرک، مالاکنڈ،صوابی،ناران:ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں 80 سالہ برفباری کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، جبکہ مالاکنڈ کے پہاڑی علاقوں میں 20 سال بعد برفباری ریکارڈ کی گئی۔

صوابی میں تین سال بعد 6 انچ تک برف پڑی، جب کہ چترال، لوئر دیر، بابو سر ٹاپ، ناران اور کاغان میں شدید برفباری کے باعث ہر طرف برف ہی برف دکھائی دے رہی ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسم کی شدت برقرار ہے، کوئٹہ، زیارت اور چمن سمیت کئی علاقوں میں بھاری برفباری ہوئی۔

شدید سردی کے باعث جھیلوں کے ساتھ ساتھ گھروں کی پانی کی ٹینکیاں اور نلکے بھی جم گئے ہیں۔ گلگت بلتستان کے ضلع استور کے بالائی علاقوں میں دو سے تین فٹ تک برفباری ہو چکی ہے۔

آزاد کشمیر میں چکوٹھی، لیپا ویلی، گنگا چوٹی اور دیگر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر ملکہ کوہسار مری میں ڈیڑھ فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے مری جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں۔ بہارہ کہو اور سترہ میل کے مقام پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری میں آج رات مزید شدید برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ اسلام آباد پولیس نے سیاحوں کو مری کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹیگز: