بورس جانسن برطانیہ کےنئے وزیراعظم منتخب

بورس جانسن برطانیہ کےنئے وزیراعظم منتخب
کیپشن: Image Source: Boris Johnson Twitter Account

لندن: بورس جانسن برطانیہ کے وزیراعظم اور کنزریٹو پارٹی کے قائدمنتخب ہوگئے۔

 

برطانوی خبررساں ادارے ’ رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق،برطانیہ کے اگلے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے بورس جانسن اور سیکریٹری خارجہ جیرمی ہنٹ میں مقابلہ ہوا کنزرویٹو پارٹی کے 2 لاکھ اراکین نے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا۔

 رپورٹ کے مطابق ،بورس جانسن نے 92 ہزار ایک سو 53 اور جیرمی ہنٹ نے 45 ہزار 6 سو 56 ووٹ حاصل کیے۔وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل گزشتہ روز ہوا جس کے نتائج کا اعلان آج کیا گیا۔

 

بورس جانسن باضابطہ طور پر 24 جولائی کو سابق وزیراعظم تھریسا مے کی جگہ برطانیہ کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالیں گے، جو پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدہ منظور کروانے میں ناکامی پر مستعفیٰ ہوگئی تھیں۔

بورس جانسن نے وزیراعظم منتخب ہونے کے اعلان کے بعد تقریر میں کہا کہ وہ یورپی یونین کی جانب سے 31 اکتوبر کی ڈیڈلائن تک بریگزٹ مکمل کریں گے۔31 اکتوبر تک یورپی یونین سے علیحدہ ہوجائیں گے۔

وزارت عظمیٰ کے لیے منتخب بورس جانسن نے کہا کہ ’ میں جانتا ہوں کہ کچھ لوگ ایسے ہوں گے جو آپ کے فیصلے کی سوچ پر سوال اٹھائیں گے اور شاید ایسے افراد بھی ہوں گے جو اب تک حیران ہوں گے کہ انہوں نے کیا کیا ہے اور میں صرف یہ کہتا ہوں کہ کسی ایک جماعت کے پاس دانائی کی اجارہ داری نہیں ہے‘۔

 

بورس جانسن نے کہا کہ ’ اگر آپ گزشتہ 200 سال میں پارٹی کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو آپ دیکھیں گے کنزرویٹوز کے پاس انسانی فطرت کی بہترین پہچان تھی‘۔