ریفرنڈم کرائیں گے کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ یا آزاد رہنا چاہتے ہیں: عمران خان

Referendum, Kashmiris, Pakistan, independent, Imran Khan, PTI government

تراڑ کھل: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کرائیں گے کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ یا آزاد رہنا چاہتے ہیں ۔

تراڑ کھل آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ کہا جارہا ہے میں آزاد کشمیر کو صوبہ بنا رہا ہوں ، یہ بات کہاں سے آئی میں نہیں جانتا ، اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق دیا ، انشاءاللہ ریفرنڈم ہوگا اور آپ فیصلہ کریں گے کہ آپ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہو یا آزاد ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس قوم نے اتنی قربانیاں دی ہوں اسے اس کا حق ملنا چاہیے ۔ کشمیر کے لوگوں نے بہت قربانیاں دیں ، کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی ، ایک دن آئے گا کہ آپ اپنی قسمت کا خود فیصلہ کریں گے ۔ جن لوگوں نے کبھی ایمانداری سے کام نہیں کیا وہ دھاندلی کا شور کر رہے ہیں ۔ حکومت آپ کی ، الیکشن کمیشن بھی آپ کی پسند کا تو پھر شور کیوں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی میں الیکشن ختم ہونے پر ایک بٹن دبایا جاتا ہے تو رزلٹ باہر آجاتا ہے ۔ ایک سال سے اپوزیشن کو دعوت دے رہے ہیں الیکشن اصلاحات کی تاکہ الیکشن کو ہر جماعت قبول کرے ۔ ہمارے ساتھ کوئی نہیں بیٹھتا ، لیکن جب الیکشن آنے لگے تو کہتے ہیں دھاندلی ہو گئی ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سیاحت کے لیے خوبصورت ہے ۔ آزاد کشمیر میں میری کوشش ہوگی کہ سب سے پہلے غربت میں کمی ہو ۔ اس کے لیے ہم احساس پروگرام لا رہے ہیں ، غربت کے خاتمے کے لیے احساس پروگرام سب سے بڑا پروگرام ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ دوسرا پروگرام کامیاب پاکستان پروگرام ہے ۔ کامیاب پاکستان پروگرام کے لیے 500 ارب رکھے ہیں ۔ ہر خاندان میں ایک شخص کو بلاسود کاروبار کے لیے قرضہ دیا جائیگا ۔ ہر خاندان میں ایک شخص کو ٹیکنیکل تعلیم دی جائے گی ۔ پچھلے 10 سالوں میں کشمیر کے لیے کسی نے کچھ نہیں کیا ۔

میں نے دنیا کو کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کے بارے میں آگاہ کیا ، کشمیریوں کے لیے یاسین ملک کا پیغام ہے کہ وہ حوصلہ نہ ہاریں اور صبر کریں ۔