اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی کی رہائی یا قیادت سنبھالنے سے متعلق باتیں فی الحال قبل از وقت ہیں، کیونکہ ان کے خلاف پانچ سے چھ مقدمات اب بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ’’ہم سب فسطائیت کا شکار ہیں، کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں۔ عوام کو افواہوں یا مفروضات پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔‘‘
انہوں نے ریاستی پالیسی سازوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اور نظام انصاف کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عدالتی نظام انصاف فراہم کرنے کی بجائے ’’حملوں کا نظام‘‘ بن چکا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تحریک انصاف تنہا نہیں، بلکہ یہ پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ ’’یہ حالات پوری قوم کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔ زندہ قومیں ایسے موقعوں پر خاموش نہیں رہتیں۔‘‘
انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ پی ٹی آئی عدالتی فیصلوں کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرے گی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں شاہ محمود قریشی سمیت 6 ملزمان کو عدالت نے بری کر دیا، جبکہ یاسمین راشد اور دیگر کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔