Get Alerts

سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں:وزیراعظم شہباز شریف

 سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں:وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو فوری طور پر تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

پاکستان ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ متاثرہ علاقوں میں پھنسے شہریوں کو فوری امداد، رہائش اور خوراک فراہم کی جائے۔ انہوں نے لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے والی اہم شاہراہوں، خصوصاً شاہراہ قراقرم اور ناران-بابوسر-چلاس روٹ کی بحالی کے کام میں تیزی لانے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ سڑک بند ہونے کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو تمام ضروری سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

مزید برآں، وزیراعظم نے زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مون سون اسپیلز سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو مل کر ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینی ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شہری علاقوں میں ممکنہ شہری سیلاب سے نمٹنے کے لیے میونسپل اداروں کو نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کو مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی۔

انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے دعا مغفرت اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

ٹیگز: