Get Alerts

مون سون اور بھارت سے آنے والے پانی کے باعث دریاؤں میں طغیانی، چناب کے کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب

مون سون اور بھارت سے آنے والے پانی کے باعث دریاؤں میں طغیانی، چناب کے کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب

لاہور: مون سون بارشوں اور بھارت سے آنے والے پانی کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے بعد مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈمرالہ، ہیڈخانکی اور ہیڈقادر آباد کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 95 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہیڈخانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 62 ہزار اور ہیڈقادر آباد کے مقام پر 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔

نارووال کے نالہ بسنتر میں درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جبکہ گجرات کے نالہ بھمبر اور وزیر آباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں بھی تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 36 ہزار جبکہ چشمہ کے مقام پر 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب دریائے راوی میں جسڑ، شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ متعلقہ اداروں نے صورتحال کی نگرانی شروع کر دی ہے اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری رکھا گیا ہے۔

ٹیگز: