لاہور: پنجاب حکومت نے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کا 16 رکنی بورڈ تشکیل دے دیا، جس کی سربراہی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کریں گی۔ بورڈ کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب بورڈ کی شریک رکن ہوں گی، جبکہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
بورڈ میں رکن پنجاب اسمبلی صاحبزادہ محمد گزین عباسی، ایم پی اے آمنہ حسن اور ایم پی اے سارہ احمد سمیت مختلف سرکاری محکموں کے سیکرٹریز کو بھی بطور رکن شامل کیا گیا ہے۔
نجی شعبے سے ندیم مانڈویوالا، ونیزہ احمد، اعتزاز اسلم چوہدری، عمارہ ایس گوندل اور ڈاکٹر فواد بیگ کو بھی بورڈ کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب فلم سٹی اتھارٹی بورڈ کے رکن اور سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نیا تشکیل کردہ بورڈ فوری طور پر فعال ہوگا اور اس کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے۔ بورڈ پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ، فلم سٹی کے قیام اور متعلقہ پالیسی سازی کے امور کی نگرانی اور رہنمائی کرے گا۔