Get Alerts

واٹس ایپ ویب میں دستاویزات دیکھنا پہلے سے زیادہ آسان، نیا فیچر متعارف

واٹس ایپ ویب میں دستاویزات دیکھنا پہلے سے زیادہ آسان، نیا فیچر متعارف

کیلیفورنیا: میٹا نے واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب پی ڈی ایف فائلز کو ڈیوائس پر ڈاؤن لوڈ کیے بغیر ہی دیکھا اور ان پر کام کیا جا سکے گا۔

کمپنی کے مطابق اس مقصد کے لیے واٹس ایپ میں ایڈوب ایکروبیٹ کی سپورٹ شامل کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین براہ راست چیٹ کے اندر موجود پی ڈی ایف فائلز اوپن کر سکیں گے۔

اس سے قبل اگر کسی صارف کو واٹس ایپ پر پی ڈی ایف دستاویز موصول ہوتی تھی تو اسے دیکھنے کے لیے پہلے فائل کو کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ میں ڈاؤن لوڈ کرنا ضروری ہوتا تھا، تاہم نئے فیچر کے بعد یہ مرحلہ ختم ہو جائے گا۔

نئے اپ ڈیٹ کے تحت صارفین صرف پی ڈی ایف فائل دیکھ ہی نہیں سکیں گے بلکہ اس میں ہائی لائٹ، نوٹس (Annotations) اور دیگر بنیادی ایڈیٹنگ فیچرز بھی استعمال کر سکیں گے۔

میٹا نے بتایا کہ اس سہولت کی فراہمی کے لیے کمپنی نے ایڈوب کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جبکہ یہ فیچر دنیا بھر میں واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تین ارب سے زائد صارفین موجود ہیں، جن میں سے بڑی تعداد روزانہ دستاویزات اور پی ڈی ایف فائلز کا تبادلہ کرتی ہے۔ نئے فیچر سے ان صارفین کو زیادہ سہولت ملے گی کیونکہ وہ چیٹ سے باہر نکلے بغیر دستاویزات دیکھ اور ان پر کام کر سکیں گے۔

میٹا نے واضح کیا کہ اس فیچر کے استعمال کے دوران بھی واٹس ایپ کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی، جس سے صارفین کے ڈیٹا اور دستاویزات کی رازداری محفوظ رہے گی۔

کمپنی نے اس کے علاوہ کئی دیگر اپ ڈیٹس کا بھی اعلان کیا ہے۔ اب آئی پیڈ صارفین براہِ راست نیا واٹس ایپ اکاؤنٹ بنا سکیں گے، جبکہ کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے واٹس ایپ کے انٹرفیس کو بھی نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔

مزید برآں، صارفین اب مختلف میوزک اسٹریمنگ سروسز سے گانے براہِ راست اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر بھی شیئر کر سکیں گے۔
 

ٹیگز: