پی آئی اے کے حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا

پی آئی اے کے حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا
سورس: File

اسلامآباد: گزشتہ شب کراچی سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے ساتھ ہی قبل از حج آپریشن مکمل ہوگیا ہے۔ کل 268 پروازوں کے ذریعے سے61ہزار 467عازمین حج حجاز مقدس  پہنچے۔ ان پروازوں کے ذریعے سے تقریبا 41 ہزار سرکاری حجاج، 19 ہزار پرائیوٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ پہنچے۔

پی آئی اےکے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ شب کراچی سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے ساتھ ہی قبل از حج آپریشن مکمل ہوگیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی کل 268 پروازوں کے ذریعے سے 61 ہزار 467 عازمین حج مناسک حج کی ادائی کے لئے روانہ ہوئے۔

انہوں نے مزید تفصیلات بتائیں کہ ان پروازوں کے ذریعے سرکاری سکیم کے تحت تقریبا 41 ہزار اور پرائیویٹ سکیم کے تحت 19 ہزار عازمین حج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ پہنچائے گئے ۔

پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا جو 22 جون تک جاری رہا۔ اس آپریشن میں پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد،سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں اس کے علاوہ سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ سے عازمین حج نے براستہ کراچی جدہ کا سفر کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 94 فیصد رہا، 268 پروازوں میں سے 249 پروازیں وقت پر یا وقت سے کچھ دیر پہلے ہی روانہ ہوئیں۔ پورے حج آپریشن میں صرف 19 پروازیں مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز 2 جولائی سے ہوگا جو 2 اگست تک جاری رہے گا۔

مصنف کے بارے میں