اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وفد کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے۔ دورے کے اختتام پر وہ سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے۔
روانگی کے موقع پر سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر سلیم بٹ نے زیورخ ایئرپورٹ پر وزیراعظم کو الوداع کیا۔
دورانِ قیام وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ برگن اسٹاک میں منعقدہ اہم سطحی مذاکرات میں شرکت کی۔ یہ مذاکرات اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) پر عملدرآمد اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تھے۔
اس موقع پر ایران اور امریکا کے وفود کے درمیان تکنیکی سطح کی طویل نشستیں بھی ہوئیں، جن میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے، تکنیکی مشاورت کو آگے بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔