اسلام آباد: ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان ایوانِ صدر پہنچے جہاں صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ تکنیکی سطح کے مذاکرات خطے میں مستقبل کے امن اور استحکام کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔