لاہور: امریکی کانگریس کے اعلیٰ سطحی نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے خصوصی ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے امریکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی بحرانوں کے حل اور امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہی ہے اور امید ہے کہ اسلام آباد کی امن کوششیں کامیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ثالثی کے لیے کیے گئے اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
امریکی کانگریسی وفد نے بھی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کا کردار قابلِ قدر ہے۔ وفد نے گورنر پنجاب کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے انہیں امریکہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔
امریکی وفد نے گورنر ہاؤس لاہور کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے مغل دور کی نوادرات اور تاریخی جنگی سامان میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔