چین کا تعاون ، اب پاکستان بیک وقت کئی شہروں کو میزائل سے نشانہ بنا سکے گا

چین کا تعاون ، اب پاکستان بیک وقت کئی شہروں کو میزائل سے نشانہ بنا سکے گا
کیپشن: china technology in pakistan

اسلام آباد : چین نے پاکستان کے میزائل پروگرام کو مزید بہتر بنانے کے لیے نیا ٹریکنگ سسٹم فراہم کر دیا جس کی بدولت بیک وقت کئی شہروں کو نشانہ بنایا جا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی جانب ایک اور قدم ، پاکستان نے میزائل پروگرام کو مزید بہتر بنانے کیلئے نیا چینی  ٹریکنگ سسٹم حاصل کر لیا۔

نئے سسٹم کی مدد سے پاکستان دشمن کے متعدد شہروں اور فوجی تنصیبات کو بیک وقت نشانہ بناسکے گا۔

چائنیز اکیڈمی آف سائنسز نے تفصیلات بتائی ہیں کہ چین یہ انتہائی جدید اور وسیع آپٹیکل ٹریکنگ سسٹم پاکستان کو فراہم کرنے والا پہلا ملک ہے۔

چینی سائنسدان زہینگ مینگوائی کہتے ہیں کہ پاکستان کو دیا گیا سسٹم ایسی دو آنکھوں کی مانند ہے جن سے وہ چاند تک دیکھنے کی صلاحیت کا مالک ہو گیا ہے۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے میزائلز کی جدید قسم ایم آئی آر ویز کی تیاری پر توجہ مرکوز کر لی ہے۔پاکستان کو ملنے والے اس پروگرام سے بھارت میں کافی بے چینی ہے ، اس پروگرام  سے بیک وقت میں بھارت کے کئی شہروں اور اہداف کو نشانہ بنایا  جا سکے گا۔

امریکی ڈیفنس انٹیلی جنس کمیٹی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے جنوری 2017ء میں نیوکلیئر میزائل ابابیل کا تجربہ کیا تھا جو جنوبی ایشیا کا پہلا ایم آئی آر وی میزائل ہے جو فضا میں بلند ہونے کے بعد بیک وقت مختلف سمتوں میں وار ہیڈز فائر کرتا ہے۔ دوسری جانب بھارت تاحال ایم آئی آر وی میزائل بنانے میں ناکام ہے۔