ملک بھر کورونا کے کیسز کی تعداد 803 ہو گئی، بلوچستان میں پہلی ہلاکت

ملک بھر کورونا کے کیسز کی تعداد 803 ہو گئی، بلوچستان میں پہلی ہلاکت
کیپشن: پنجاب میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 225 ہو گئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں 225 کیسز کی تصدیق کر دی۔ کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں 66 سالہ مریض کی وائرس سے ہلاکت کی تصدیق، اسلام آباد میں مزید 4 کیسز کی تصدیق

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 803 ہوگئی جب کہ مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ بھر میں 22 مارچ کی رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کردیا گیا۔

اتوار کو  ملک میں کورونا وائرس کے 166 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے پنجاب میں86، سندھ میں 60، گلگت بلتستان میں 16 اور بلوچستان میں 4 نئے کیس سامنے آئے جب کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

اتوار کے روز صوبے میں کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسزکی تعداد108 ہوگئی ہے۔جب کہ پیر کی شب بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے صوبے میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ 66 سالہ مریض انتقال کرگیا جو صوبے میں وائرس سے پہلی ہلاکت ہے۔

سرکاری پورٹل پر بلوچستان کے کیسز کی تعداد 104 بتائی جارہی ہے جب کہ صوبائی ترجمان نے 108 کیسز کی تصدیق کی ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد  225 ہوگئی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادار نے ٹوئٹر کےذریعے کی۔عثمان بزدار کےمطابق ڈی جی خان 175، لاہور 34، گجرات 4، گوجرانوالہ 4، جہلم 3، راولپنڈی 2، ملتان 2 اور سرگودھا میں کورونا وائرس کا ایک مریض ہے۔

سرکاری پورٹل پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کے روز مزید 4 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی اور تعداد 15 بتائی گئی ہے۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 352 تک پہنچ چکی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کراچی میں مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 129 ہوگئی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دادو میں بھی گزشتہ ہفتے ایران سے وطن واپس آنے والے شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ترجمان کے مطابق تفتان سے آنے والے زائرین کے لیے سکھر میں بنائے گئے قرنطینہ مرکز میں کورونا وائرس کے مزید 34 کیسز آئے ہیں جس کے بعد سکھر میں کل متاثرہ افراد کی تعداد 221 تک جاپہنچی ہے۔

ترجمان کے مطابق سندھ میں 4 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جن میں سے 3 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض کا انتقال ہوچکا ہے۔

گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث تیسری ہلاکت ہوئی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے بھی کی۔

مشیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اب تک خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں مہلک وائرس کے 170 مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں تاہم تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔مشیر اطلاعات کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیراعلیٰ محمود خان خود کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز گلگت بلتستان کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 71 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے مشیر اطلاعات شمس میر کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا کےمریضوں کی تعداد 55 سے بڑھ کر 71 ہوگئی ہے۔


گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے ایک مریض اسامہ ریاض کا انتقال ہوا ہے جو کہ خود ڈاکٹر تھا اور مسافروں میں کورونا کی اسکریننگ کے دوران وائرس سے متاثر ہوا۔

محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان نے بھی ڈاکٹر اسامہ ریاض کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے شہید کو قومی ہیرو کا درجہ دیا جائے گا۔

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔