Get Alerts

 ایران کے ساتھ 5 روز میں تاریخی معاہدہ ممکن، 'رجیم چینج' کے اشارے:ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

 ایران کے ساتھ 5 روز میں تاریخی معاہدہ ممکن، 'رجیم چینج' کے اشارے:ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

فلوریڈا : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی میں اچانک اور ڈرامائی موڑ لاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک جامع معاہدے پر انتہائی تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے، جو اگلے چند دنوں میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکتی ہے۔
فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ گزشتہ دو روز کے دوران ایران کے ساتھ انتہائی "تعمیری اور مضبوط" مذاکرات ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر بات چیت اسی سمت میں جاری رہی تو اگلے 5 دن یا اس سے بھی کم وقت میں ایک باقاعدہ معاہدہ طے پا سکتا ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ اتوار کی شام تک جاری رہنے والی ان ملاقاتوں میں ان کے قریبی ساتھیوں، جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف نے ایرانی حکام سے براہ راست مذاکرات کیے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ اس وقت 15 نکاتی معاہدے پر غور کیا جا رہا ہے، جس کے ابتدائی 3 اہم ترین نکات براہ راست جوہری ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق ہیں۔ انہوں نے کہا اہم نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے اور دونوں ممالک تنازع ختم کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔ اگر اس پر عمل درآمد ہوا تو یہ خطے کے لیے ایک نیا آغاز ہوگا۔
ایک چونکا دینے والے بیان میں صدر ٹرمپ نے ایران کی موجودہ صورتحال کو "رجیم چینج" (تبدیلیِ حکومت) سے تعبیر کیا۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کی صحت یا موجودگی کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ سپریم لیڈر زندہ ہیں یا نہیں، اور ابھی تک ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
ٹرمپ نے اپنے مخصوص انداز میں یہ بھی کہا کہ وہ اورمجتبی  خامنہ ای مل کر ایران میں حکومت چلا سکتے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ایرانی عوام یا قیادت کو جانی نقصان پہنچے۔امریکی صدر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران پر ممکنہ فوجی حملے کا التوا صرف ان مذاکرات کی کامیابی پر منحصر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کو ان تمام پیشرفتوں پر اعتماد میں لے لیا گیا ہے اور وہ تازہ ترین صورتحال سے مطمئن ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ اگرچہ وہ معاہدے کی سو فیصد گارنٹی نہیں دے سکتے، لیکن وہ اسے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہیں اور غالباً آج ہی اس سلسلے میں اہم فون کالز بھی متوقع ہیں۔

ٹیگز: