Get Alerts

غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کرگیا ، کئی ہفتوں بعدآخر کار 90 امدادی ٹرک متاثرہ علاقے میں داخل

غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کرگیا ، کئی ہفتوں بعدآخر کار 90 امدادی ٹرک متاثرہ علاقے میں داخل

غزہ: طویل غذائی بحران کے بعد آخرکار غزہ میں 90 امدادی ٹرک داخل ہو گئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے امدادی قافلے کے غزہ پہنچنے کی تصدیق کر دی ہے۔ مارچ کے بعد یہ پہلی بڑی امدادی ترسیل ہے، جس سے امید کی جا رہی ہے کہ کچھ حد تک ریلیف ممکن ہو سکے گا۔

غزہ میں حالات بدستور انتہائی خراب ہیں۔ لاکھوں فلسطینی شدید بھوک، پینے کے پانی اور ادویات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں، اور روزمرہ زندگی عملاً مفلوج ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیمیں مسلسل خبردار کر رہی ہیں کہ غزہ میں انسانی بحران اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 93 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی صورتحال کشیدہ ہے۔

عقربا گاؤں میں یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے گھروں پر حملے کیے، املاک کو آگ لگا دی اور ایک مسجد کو نمازیوں کی موجودگی میں جلانے کی کوشش کی۔ اس جارحیت سے نہ صرف مقامی افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا بلکہ عالمی سطح پر بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے اور فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

ٹیگز: