ڈیم بنانے سے کوئی نہیں روک پائے گا،عہدے سے رخصت ہوا تو واحد مقصد فلاح انسانیت ہوگا:چیف جسٹس

ڈیم بنانے سے کوئی نہیں روک پائے گا،عہدے سے رخصت ہوا تو واحد مقصد فلاح انسانیت ہوگا:چیف جسٹس
کیپشن: سکرین شاٹ

لندن:چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ڈیم بنانے سے کوئی نہیں روک پائے گا ،کوئی یہ مت سوچے کہ پاکستان میں ڈیمز نہیں بننے دیں گے جبکہ میر ا کوئی سیاسی مقصد نہیں۔عہدے سے رخصت ہوا تو میرا واحد مقصد فلاح انسانیت ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیم بنانے کیلئے لندن میں فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ،تقریب کا قومی ترانہ سے آغاز کیا گیا جس میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی یہ مت سوچے کہ پاکستان میں ڈیمز نہیں بننے دیں گے،ڈیم بنانے سے کوئی بھی نہیں روک سکے گا۔

لندن ڈیمز فنڈ ریزنگ کی تقریب میں سمندر پار پاکستانیوں نے دل کھول کرعطیات دیے ،ڈیمز فنڈ کیلئے 53لاکھ پاؤنڈز عطیات جمع ،چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی ایک ہزار پاؤنڈز کا عطیہ دیا۔

دریائے سندھ پر بیسیوں ڈیم بنیں گے۔ دیا مر ، بھاشا اور مہمند ڈیم کس کی غفلت سے آج تک نہیں بنے،ڈیم پاکستان کی بقا کیلئے بے حد ضروری ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ معلوم ہے چندے کے پیسوں سے ڈیمز نہیں بن سکتے ،لیکن چند ہ جمع کرنا معاملے کی حساسیت بتانا ہے،میر ا کوئی سیاسی مقصد نہیں،عہدے سے رخصت ہوا تو میرا واحد مقصد فلاح انسانیت ہوگا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آج پتا چلا ڈیم بنانے میں غفلت کس نے کی،کوئٹہ میں ڈیڑھ ہزار یا 2ہزار فٹ گہرائی میں پانی ہے،ڈیمز نہ بننے کی صورت میں بلوچستان کے لوگوں کو نقل مکانی کر نی پڑسکتی ہے،آج اگر ڈیم نہ بن پائے تو آنے والی نسلیں پیاسی مرجائیں گی جبکہ زندگی کا وجود پانی کے ساتھ ہے۔

جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کے عاشق تھے،ہمیں پاکستان سے عشق کرنے والے لوگوں کی ضرورت ہے ،آج ملک سے بے لوث محبت کرنے والے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہے ،برطانیہ میں انصاف ملتا ہے ،کرپشن کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جاتا ۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس ڈیم فنڈ ریزنگ کے سلسلہ میں 7 روزہ دورے پر برطانیہ میں موجود ہیں۔تقریب میں شریک پاکستانی کمیونٹی نے چیف جسٹس کے اقدام کو سراہا۔