قطری شہزادے تلور کے شکار کے لیے صحرائے تھل پہنچ گئے

قطری شہزادے تلور کے شکار کے لیے صحرائے تھل پہنچ گئے
کیپشن: قطری شہزادے ہر سال تلور کے شکار کے لیے صحرائے تھل کا رخ کرتے ہیں۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

بھکر: قطری شہزادے تلور کے شکار کے لیے صحرائے تھل پہنچ گئے جہاں خیمہ بستی بھی قائم کر دی گئی ہے۔صحرائے تھل کے علاقے کاتی مار اور ماہنی کے قریب قطری شہزادوں کے لیے خیمے قائم کیے گئے ہیں جس کے اطراف خاردار تاروں کے علاوہ ربڑ اور دھاتی چادروں سے 3 دیواریں بنائی گئی ہیں۔

شہزادہ محمد احمد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بھکر پہنچے ہیں جب کہ مزید 2 شہزادوں کی آئندہ ہفتے آمد متوقع ہے۔قطری شہزادے ہر سال تلور کے شکار کے لیے صحرائے تھل کا رخ کرتے ہیں جہاں وہ چند روز قیام کے بعد واپس روانہ ہو جاتے ہیں۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر شاہد نواز کا کہنا ہے کہ قطری شہزادوں کو شکار کے لیے حکومت اجازت نامہ جاری کرتی ہے اور تلور کا شکار کرنے کی اجازت کے لیے قطری مہمان مقررہ فیس ایک لاکھ ڈالر ادا کرتے ہیں جب کہ شکار میں استعمال فالکن کی فیس بھی 100 ڈالر فی پرندہ الگ سے جمع کرائی گئی ہے۔

وائلڈ لائف افسر کے مطابق قطری شکاریوں کو 100 تلور کے شکار کا اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے اور انہیں مقررہ تعداد سے زائد تلور شکار کرنے کی اجازت نہیں۔