Get Alerts

صارفین کی جانب سے آئی فون 17 سیریز میں سنگین مسئلے کی نشاندہی

صارفین کی جانب سے آئی فون 17 سیریز میں سنگین مسئلے کی نشاندہی

سان فرانسسکو: ایپل کے حال ہی میں متعارف کرائے گئے آئی فون 17 سیریز کے ماڈلز میں ایک بڑی خامی سامنے آگئی ہے، جس پر دنیا بھر کے صارفین نے سوشل میڈیا پر شدید ردِ عمل دیا ہے۔

ایپل نے 9 ستمبر کو آئی فون 17 سیریز متعارف کرائی تھی، جس کی باقاعدہ فروخت 19 ستمبر سے شروع ہوئی۔ تاہم فروخت کے چند ہی گھنٹوں بعد متعدد صارفین نے شکایت کی ہے کہ نئے ماڈلز، خاص طور پر آئی فون 17 پرو، پرو میکس اور آئی فون 17 ائیر، بہت جلدی خراشوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

صارفین نے ان ماڈلز کو 'سکریچ گیٹ' اور 'سکریچ میگنیٹ' جیسے نام دیے ہیں، اور متعدد تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جن میں نئے فونز کے بیک اور سائیڈز پر خراشیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی ایک ٹیسٹ ویڈیو میں مختلف اشیاء جیسے چاقو، سکّے، چابیاں اور اسکریو ڈرائیور کے ذریعے ان ماڈلز کو جانچا گیا، جس میں خاص طور پر اورنج اور بلیو رنگوں والے آئی فون 17 پرو ماڈلز بہت آسانی سے خراشوں سے متاثر ہوتے دکھائی دیے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایپل نے ان ماڈلز کی رونمائی کے وقت دعویٰ کیا تھا کہ ان کے بیک پر موجود Ceramic Shield 2 تین گنا زیادہ تحفظ فراہم کرتا ہے اور خراشوں سے بہتر طور پر محفوظ رکھتا ہے۔ تاہم صارفین کی شکایات اور ویڈیوز اس دعوے سے متصادم نظر آتی ہیں۔

ابھی تک ایپل کی جانب سے اس مسئلے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ کمپنی کی ساکھ اور صارفین کے اعتماد پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: