اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات، ملک ميں کورونا وبا کی صورت حال، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا عالمی وبائی صورتحال نے پوری دنیا کی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک، اپنے محدود معاشی وسائل کے سبب اس وبا کے مضمرات سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کو موثر انداز میں روکنے اور طبی استعداد کار میں اضافے کیلئے کل ہم نے پریپیرڈنس اینڈ رسپانس پلان کا عالمی سطح پر اجرا کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پلان سے ہمیں، ٹیسٹنگ کی استعداد کار بڑھانے اور نئی لیبارٹریوں کے قیام میں مدد ملے گی۔ اس مشکل گھڑی میں پاکستان جیسی کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے عالمی برادری اور عالمی مالیاتی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بیرون ملک مقیم، واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے بھرپور کوششیں بروئے کار لانے اور عالمی برادری کی توجہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی زبوں حال معیشت کی طرف مبذول کروانے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔