اسلام آباد : نئی دہلی نے ایک بار پھر پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گورنمنٹ آف پاکستان کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ بھارت بھر میں بلاک کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ اقدام پہلگام واقعے کو جواز بنا کر کیا گیا، حالانکہ واقعے کی ابھی کوئی شفاف تحقیقات سامنے نہیں آئیں۔
رپورٹس کے مطابق، بھارت کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی درخواست پر ایکس انتظامیہ نے یہ کارروائی کی۔ اس سے پہلے بھی بھارت نے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے واہگہ اٹاری سرحد بند کر دی تھی، سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا، پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کر دیے، اور بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
جواب میں پاکستان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں ملک کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرے گی۔
یاد رہے کہ یہ ساری صورتحال مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد سامنے آئی، جہاں فائرنگ میں 27 افراد جان سے گئے۔