نیب عدالت میں جواب دینے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، عطااللہ تارڑ

نیب عدالت میں جواب دینے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، عطااللہ تارڑ
کیپشن: نیب عدالت میں جواب دینے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، عطااللہ تارڑ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ نیب آج عدالت میں کوئی جواب دینے سے قاصر رہا ہے اور نیب اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب سے عدالت نے پوچھا کہ کیا مریم نواز گرفتار نہیں رہیں اور ضمانت منسوخی کا خیال پہلے کیوں نہیں آیا۔ صدقے جاؤں نیب کے وہ ضمنی اور سینیٹ انتخابات بھی دیکھتی ہے اور نیب کا رویہ شرمناک ہے جبکہ اسے چینی اورآٹا چوری والے نظر نہیں آتے۔

انہوں نے بتایا کہ نیب سے عدالت نے پوچھا کہ کب دفتر پر حملہ ہوا اور نیب کو چاہیے ضمانت منسوخی کی درخواست واپس لے۔ آپ نے ایک طلبی کا نوٹس بھیجا اور ہماری گاڑی کا شیشہ ٹوٹا اور پھر بلایا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج عدالت نے جو سوالات پوچھے ہیں نیب کو اس پر شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ نیب کی طرف سے  نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر  مختصر سماعت ہوئی۔۔جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ  نے سماعت کی۔ہائیکورٹ نے درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے مریم نواز کو 7 اپریل کو طلب کرلیا۔

نیب نے  اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مریم نواز شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہا ہونے کے بعد مسلسل ریاستی اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ کر رہی ہیں، انہیں چوہدری شوگر ملز کیس میں دستاویزات طلبی کیلئے نوٹس بھجوائے گئے جس کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

چیئرمین نیب نے ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل پنجاب کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے،درخواست میں مریم نواز اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مریم نواز چوہدری شوگر ملز کیس اور منی لارنڈرنگ کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہا ہیں۔

 مریم نواز ضمانت پر رہا ہونے کے بعد مسلسل ریاستی اداروں پر حملے کر رہی ہیں، مریم نواز اپنے ہتھکنڈوں سے عوام میں یہ تاثر دے رہی ہیں کہ ریاستی ادارے غیر فعال ہو چکے ہیں، مریم نواز جان بوجھ کر ریاستی اداروں کی ساکھ خراب ہونے کے بیانات دے رہی ہیں، وہ سوشل میڈیا اورالیکٹرانک میڈیا کے ذریعے بھی ریاستی اداروں کیخلاف بیان بازی اورریاست مخالفت پراپیگنڈہ کر رہی ہیں۔