راولپنڈ ی : سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا ہے، جس کے دوران شدید جھڑپ میں 22 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود عناصر نے خود کو گھیرے میں پا کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فورسز کی موثر جوابی کارروائی میں 22 دہشتگرد ہلاک ہوئے، تاہم دہشتگردوں کی جانب سے کی گئی بے دریغ فائرنگ کی زد میں آکر ایک 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کو بھارت کی مکمل سرپرستی حاصل تھی اور وہ سرحد پار سے ملنے والی ہدایات پر پاکستان میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں مصروف تھے۔ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ سرچ آپریشن: علاقے میں مزید دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
عزمِ نو: پاک فوج کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے دہشتگردوں اور ان کے غیر ملکی آقاوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔