اسلام آباد : ترجمان دفترِ خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے پاکستانی قیادت کے ساتھ ہونے والے اہم رابطوں کی تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان رابطوں کا مقصد خطے کی موجودہ نازک صورتحال پر دوطرفہ مشاورت کو فروغ دینا اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا تھا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ ان مذاکرات کے دوران مشرقِ وسطیٰ، بالخصوص غزہ اور لبنان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفترِ خارجہ نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کے متحرک سفارتی کردار کی بھرپور تعریف کی۔ عباس عراقچی نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مثبت کردار خطے کو بڑے تصادم سے بچانے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔