چیچنیا میں یورپ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح

چیچنیا میں یورپ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح
کیپشن: image by facebook

ماسکو: روس کے وفاقی علاقے چیچنیا میں یورپ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کر دیا ہے ، افتتاحی تقریب میں مقامی لوگوں اور حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

سفید ماربل سے بنی اس خوبصورت مسجد کا نام حضرت محمدﷺ کے اسم مبارک پر رکھا گیا ہے اور اس میں 30 ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے ، چیچن انتظامیہ اس مسجد کو یورپ میں 'سب سے بڑی اور سب سے خوبصورت' مسجد قرار دے رہی ہے۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھی چیچن سربراہ رمضان کیدرو کا کہنا تھا کہ یہ مسجد اپنے ڈیزائن میں منفرد اور اپنے سائز اور خوبصورتی میں شاہانہ ہے۔

خیال رہے کہ یہ مسجد چیچنیا میں شہالی کے علاقے میں قائم کی گئی ہے، جو دارالحکومت گرونزے کے باہر 54ہزار لوگوں پر مشتمل علاقہ ہے ، مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مسجد کے صحن میں پھولوں اور فاؤنٹینز کو لگایا گیا ہے اور اس جگہ پر اضافی 70 ہزار نمازی آسکتے ہیں۔

ادھر مشرق وسطیٰ کے ایک اخبار دی نیشنل کے مطابق اس 9ہزار 7سو اسکوائر میٹر پر موجود اس مسجد کو ایک ازبک آرکیٹک نے ڈیزائن کیا ، اس مسجد کی افتتاحی تقریب میں سینئر حکام نے شرکت کی جس میں کویتی امیری دیوان کے مشیر اور چیئرمین انٹرنیشنل اسلامک چیئرٹ ایبل آرگنائزیشن  (آئی آئی او سی) ڈاکٹر عبداللہ الماتوق بھی موجود تھے۔