پشاور: پاکستانی کوہ پیماؤں نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے کی سب سے اونچی چوٹی ترچ میر (7708 میٹر) کو سر کر لیا گیا۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے مشہور کوہ پیما سرباز خان اور عابد بیگ نے چوٹی کی بلندی پر قومی پرچم لہرایا۔
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ صوبائی حکومت کی سرکاری سرپرستی میں ترچ میر پر کوہ پیمائی کی گئی۔ اس ٹیم میں عمر خان (ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی)، ڈاکٹر نوید اقبال، میجر عاطف، شمس القمر اور اکمل نوید بھی شامل تھے، جو سخت موسم کے باعث 7300 میٹر کی بلندی تک پہنچ سکے۔
اس کامیابی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کوہ پیماؤں کو مبارکباد دی اور اعلان کیا کہ حکومت نے ان کی حوصلہ افزائی کے طور پر دو سال کے لیے رائلٹی فیس معاف کر دی ہے۔
ڈائریکٹر ٹورازم نے کہا کہ یہ مشن خیبرپختونخوا میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔