Get Alerts

خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور فلش فلڈ سے ہلاکتیں 406 ہو گئیں، 247 زخمی

خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور فلش فلڈ سے ہلاکتیں 406 ہو گئیں، 247 زخمی

پشاور: خیبرپختونخوا میں 15 اگست سے جاری موسمی حالات کے باعث بارشوں اور فلش فلڈ نے تباہ کن صورتحال پیدا کر دی ہے۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 406 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 247 افراد زخمی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 305 مرد، 55 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں 179 مرد، 38 خواتین اور 30 بچے ہیں۔ خاص طور پر ضلع ڈی آئی خان میں شدید بارش کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوئے ہیں۔

اب تک کی رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 3,526 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 2,945 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 577 گھر مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر ہے جہاں ہلاک شدگان کی تعداد 337 ہو گئی ہے، جبکہ صوابی میں 46 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لویر، بٹگرام، ڈی آئی خان اور صوابی شامل ہیں۔

مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امدادی کارروائیاں تیز کریں اور متاثرہ لوگوں کو فوری طور پر امداد فراہم کریں۔ پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ متاثرین کی مدد کی جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال کی تازہ معلومات یا ہنگامی مدد کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

ٹیگز: