Get Alerts

افغانستان سے لائی گئی لڑکی نے شادی سے انکار کر کے پولیس سے مدد طلب کر لی

افغانستان سے لائی گئی لڑکی نے شادی سے انکار کر کے پولیس سے مدد طلب کر لی

راولپنڈی : راولپنڈی میں افغانستان سے لائی گئی ایک لڑکی نے زبردستی شادی سے انکار کرنے پر پولیس سے مدد طلب کی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی نے ہیلپ لائن 15 پر کال کی جس پر دھمیال پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو اس کی والدہ سمیت ریسکیو کر لیا۔

پولیس نے لڑکی پر تشدد کرنے کے الزام میں اس کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ دھمیال میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق، 17 سالہ نوشابہ اپنے والد مالے خان کے ساتھ تقریباً چار دن قبل کچلاک کے راستے گرجا روڈ رضا منزل پہنچی تھی۔ نوشابہ کی شادی مالے خان کے بھائی گل خان سے کرنی تھی، لیکن جب نوشابہ نے گل خان کو دیکھا تو اس نے شادی سے انکار کر دیا۔

مزید تحریر ہے کہ 22 اگست کی شب مالے خان نے زبردستی نکاح خواں بلایا، لیکن نوشابہ کے شور مچانے پر نکاح خواں وہاں سے فرار ہو گیا۔ نکاح سے انکار پر مالے خان نے اپنی بہن ناطی سمیت شدید دھمکیاں دیں، گالیاں بکیں اور نوشابہ کے منہ پر تھپڑ بھی مارے۔

اس واقعے کی رپورٹ تھانہ دھمیال میں درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور پولیس نے لڑکی اور اس کی والدہ کو تحفظ فراہم کر دیا ہے۔

ٹیگز: