Get Alerts

پاک چین تعلقات کی مضبوطی میں پاکستانی فوج کا کلیدی کردار: چینی وزیر خارجہ

پاک چین تعلقات کی مضبوطی میں پاکستانی فوج کا کلیدی کردار: چینی وزیر خارجہ

اسلام آباد/بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کی مضبوطی اور باہمی اعتماد کا اظہار کیا۔ چینی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق، وانگ ای نے پاکستانی فوج کو قومی استحکام کا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی اور تعاون کی مضبوط حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔

وانگ ای نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم معاہدوں پر مکمل عملدرآمد کیا ہے، جس سے دوطرفہ تعلقات میں گہرا اعتماد اور تعاون پیدا ہوا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاک چین تعلقات کو فروغ دینا خطے کے امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چین ہمیشہ پاکستان کو اپنی ہمسایہ سفارت کاری میں اولین ترجیح دیتا ہے اور وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں مکمل تعاون جاری رکھے گا اور پاکستان کے عالمی کردار کو سراہتا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر چین کو پاکستان کا "آہنی دوست" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں ساتھ دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مستحکم ہے اور چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات پورے پاکستانی قوم کا متفقہ مؤقف ہیں۔ انہوں نے چین کی قیادت کا پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جائیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے اقدامات کیے جائیں گے اور ترقی کی راہ پر سفر جاری رکھا جائے گا۔

یہ ملاقات پاک چین تعلقات کی مضبوطی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں کا مظہر ہے۔

ٹیگز: