Get Alerts

لارڈز ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں پر غور، بابر اعظم کی واپسی متوقع

لارڈز ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں پر غور، بابر اعظم کی واپسی متوقع

لندن: انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں 27 اگست سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے، جبکہ کپتان بابر اعظم کی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔

بابر اعظم پریکٹس میچ کے دوران انجری کا شکار ہونے کے باعث سیریز کا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ اگر انہیں فٹنس کلیئرنس مل جاتی ہے تو وہ دوسرے ٹیسٹ میں دوبارہ ایکشن میں دکھائی دے سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ بابر اعظم کی واپسی سمیت پلیئنگ الیون میں دیگر ممکنہ تبدیلیوں کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ لارڈز کی پچ اور میچ کے دوران متوقع کنڈیشنز کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

بابر اعظم کی واپسی کی صورت میں اذان اویس کو پلیئنگ الیون سے باہر کیا جاسکتا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو بھی دوسرے ٹیسٹ میں آرام دینے کے آپشن پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اگر لارڈز کی پچ خشک اور سپن بولنگ کے لیے موزوں نظر آئی تو پاکستان دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتا ہے۔ فاسٹ بولر عبید شاہ بھی ٹیم میں جگہ بنانے کے امیدواروں میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کے لیے سیریز میں واپسی کے لیے لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

ٹیگز: