لاہور سمیت پورے پنجاب میں دھند کا راج، موٹر وے ٹریفک کیلئے بند

لاہور سمیت پورے پنجاب میں دھند کا راج، موٹر وے ٹریفک کیلئے بند

لاہور:لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند نے ایک بار پھر قبضہ جما لیا ہے جس کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے کے لاہور شیخوپورہ سیکشن جب کہ پنڈی بھٹیاں سے لاہور اور فیصل آباد سیکشنز کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پشاور سے رشکئی تک بھی موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
جلال پور بھٹیاں، سکھیکی، پاکپتن، ننکانہ صاحب، مرید کے اور گردونواح کے علاقوں میں بھی شدید دھند کا راج ہے جب کہ پتوکی بائی پاس پر باراتیوں کی بس کو حادثے میں 20 افراد زخمی ہو گئے۔ شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کو شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور 16 ملکی و غیر ملکی پروازیں معطل ہو گئی ہیں۔
ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ضروری ہو تو دوران سفر فوگ لائٹس ضرور جلا کر رکھیں۔ ترجمان کے مطابق دھند جھٹتے ہی موٹر وے کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا